Saturday, April 27, 2024

بارشوں سے دھند اڑن چھو، شجر و ہجر دھل گئے، خشک سردی کا بھی خاتمہ

بارشوں سے دھند اڑن چھو، شجر و ہجر دھل گئے، خشک سردی کا بھی خاتمہ
November 17, 2017

اسلام آباد (92 نیوز)  ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز ہونے والی بارش اور ژالہ باری کے سلسلہ نے جہاں آلودہ دھند سے جان چھڑا دی وہیں اس سے موسم بھی خوب نکھر گیا ہے۔ کاغان، ناران سمیت شمالی علاقہ جات میں ہونے والی برفباری کے بعد جاڑے کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
بالائی علاقوں سمیت اکثر شہروں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ ملکہ کوہسار کو آج بھی سرمئی بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد اس کا حسن پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکا ہے۔ مری میں درجہ حرارت گر کر ایک ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
اس کے بعد سیاحت کے شوقین افراد بھی وادی کی جانب کھنچے چلے آ رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ اور پشاور میں مزید بارش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بھی مزید بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔