Thursday, April 25, 2024

بارش کے تیسرے روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں سے پانی نہ نکالا جا سکا

بارش کے تیسرے روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں سے پانی نہ نکالا جا سکا
July 19, 2020

کراچی ( 92 نیوز) بارش کے تیسرے روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں سے اب تک پانی نہ نکالا جاسکا ۔ کورنگی مہران ٹاؤن میں آج بھی برساتی پانی موجود رہا، محکمہ بلدیات نالوں کی صفائی کرانے میں مکمل ناکام نظرآرہا ہے۔

کراچی کا علاقہ مہران ٹاؤن مون سون کے دوسرے اسپیل کے بعد اس وقت کسی ندی اور نالے کا منظر پیش کر رہا ہے ۔  مون سون کا دوسرا اسپیل محکمہ بلدیات سندھ اور شہری انتظامیہ کی نااہلی کے تمام تر ثبوت چھوڑ گیا،مہران ٹاؤن میں نااہلی کی سزا مکین بھگت رہے ہیں۔

گلیوں کی صورت حال ایسی ہے کہ مکینوں کا گھروں سے نکلنا انتہائی مشکل ہوگیا، پانی سے گزرنے والے رکشے ہوں یا ٹرک، کسی بھی لمحے الٹنے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ۔

کراچی میں سیوریج کا نظام تباہی کا شکار ہوچکا ہے، نالوں کی صفائی کیلئے عالمی بینک سے قرض ملنے کے بعد بھی محکمہ بلدیات کی جانب سے صفائی نہ کی جاسکی، میئر کراچی کے دفتر کے قریب نالہ بھی صاف نہیں کیا جاسکا۔

بارش کے دوران ٹریفک پولیس کے دو افسران نے شہریوں کی مدد کرکے دل جیت لئے، شارع فیصل پر سب انسپکٹر اشرف جٹ فرائض سرانجام دیتا رہا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ہر شہری نے اشرف جٹ کو ہیرو قرار دیا ۔

سٹی کورٹ کے قریب سڑک پر 3 فٹ تک پانی جمع  ہوا تو ٹریفک پولیس افسر محمد عثمان نے خود ہی نکاسی آب کیلئے گٹر کھول دیا ۔

کراچی کے ہیرو افسران کا کہنا ہے ٹریفک کا نظام سنبھالتے سنبھالتے شہریوں کی مدد کا تجربہ ہوچکا ہے۔