Friday, March 29, 2024

بارش نے کراچی کے انفراسٹرکچر کو تباہ کرکے رکھ دیا

بارش نے کراچی کے انفراسٹرکچر کو تباہ کرکے رکھ دیا
September 1, 2020

کراچی ( 92 نیوز) بارش نے کراچی کے انفراسٹرکچر کو تباہ کرکے رکھ دیا، پانچویں روز بھی بارش کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں موجود ہے، پوش علاقے بھی محفوظ نہ رہے، گندگی اور کیچڑ نے زندگی اجیرن کردی،نیا ناظم آباد میں ابھی تک پانچ فٹ پانی موجود ہے۔

کراچی میں بارش آئی مگر پانی نہ نکلا، آسمان سے برسنے والے بادل ایسی نشانیاں چھوڑگئے جو پانچ روز بعد بھی شہریوں کیلئے مصیبت بن گئیں، سڑکوں اور گلیوں سے ابھی تک پانی نہیں نکلا، لیاری، کھارادراوردیگر علاقوں میں پانی موجود ہے۔

اولڈ ایریا، شاہ فیصل کالونی، ملیر، لانڈھی،کورنگی، ناگن چورنگی بھی متاثر ہوئے، دکانوں میں پانی بھرنے کے باعث لاکھوں کا سامان خراب ہوگیا، جہاں سےبارش کا پانی نکل گیا وہاں اب کیچڑ اور کچرے کا راج ہے ، گٹر ابلنے سے سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

بارش نے کراچی کی سڑکوں کو تباہ کردیا، شہر کی کئی شاہراہیں بیٹھ گئی ہیں یا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہیں، ایوان صدر روڈ بارشوں کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا، کنٹینر سے لدا ٹرالر سڑک میں دھنس گیا۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کورنگی کاز وے کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقاتیں کرکے تفصیلات معلوم کیں، حلیم عادل شیخ نے کہا ملیر ندی میں طغیانی سے درجنوں افراد لاپتہ ہوئے، وزیراعلیٰ سندھ لانگ شوز پہن کر یہاں بھی آجائیں۔

مختلف علاقوں سے واٹر پمپ کے ذریعے پانی نکالنے کا سلسلہ  جاری رہا تاہم بارش کے ایک اور اسپیل نے شہریوں کی آنکھوں میں ایک بار پھر خوف کے سائے لہرادیئے ہیں۔