Friday, March 29, 2024

بارش نے پھر لاہور کی گدلی فضا کو دھو ڈالا

بارش نے پھر لاہور کی گدلی فضا کو دھو ڈالا
November 14, 2019
 لاہور (92 نیوز) بارش نے پھر لاہور کی گدلی فضا کو دھو ڈالا۔ چاروں صوبوں میں مختلف مقامات پر بارش سے موسم میں تبدیلی آگئی۔ لاہور کی فضا دھل گئی۔ بارش نے زہریلی گیس کا زور توڑ دیا۔ گلبرگ، کینال روڈ، جیل روڈ، شادمان، فیروز پور روڈ اور دیگر علاقوں میں بارش کے باعث موسم بھی تبدیل ہو گیا۔ شہر میں مزید بوندیں پڑنے کا بھی امکان ہے۔ قصور، پتوکی، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، کبیر والا، ملتان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر کرم جم کر برسے۔ بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا اور شہریوں نے گرم کپڑوں کا استعمال شروع کر دیا۔ اسکردو میں غیرملکی سیاح برفیلے موسم سے لطف اندوز ہونے لگے۔ برفیلے موسم میں غیر ملکی گلوکار کی مستیاں، گلوکار قائل اسٹیون نے سرد موسم میں مقامی رقص کرکے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔ زیارت، دکی، ہرنائی، ڈیرہ بگٹی، سوئی اور دیگر شہروں میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔ قمبر اور ٹھل میں بھی ابر کرم جم کر برسے۔ کراچی میں بھی رم جھم ہوئی۔ دیربالا میں بارش اور برفباری جاری ہے۔ لواری ٹاپ اور کمراٹ پر بھی سفیدی پھر گئی۔