Friday, April 26, 2024

بارش نے 1992 کے ورلڈ کپ میں اپنا ہی بنایا ریکارڈ توڑ دیا

بارش نے 1992 کے ورلڈ کپ میں اپنا ہی بنایا ریکارڈ توڑ دیا
June 12, 2019
لندن ( 92 نیوز) بارش نے 1992 کے ورلڈ کپ میں اپنا ہی بنایا ریکارڈ توڑ دیا۔ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ بارش کی نذر ہونے کے  ساتھ ہی  نیا عالمی ریکارڈ بن گیا  جبکہ  1992 کے ورلڈ کپ میں بننے والا منفرد عالمی ریکارڈ  27سال بعد ٹوٹ گیا۔ انگلینڈ اور ویلز میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کو بارش نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ،بارش تین میچ اپنے ساتھ بہاکر لے گئی اور سب دیکھتے ہی رہ گئے ۔ ابھی آدھے سے زیادہ ورلڈ کپ باقی ہے اور مزید میچ بارش سے متاثر ہونے کا خطرہ بھی برقرار ہے  ، تین میچ منسوخ ہونے سے کرکٹ ہسٹری کا 27سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا ہے جو 1992کے ورلڈ کپ میں بارش کے باعث دو میچوں کی منسوخی سے بنا تھا۔ ورلڈ کپ 2019میں برسٹل میں ہونیوالے دو میچ بارش کی نذر ہوچکے ہیں،جن میں سے ایک میچ پاکستان اور سری لنکا، دوسرا میچ بنگلہ دیش اور سری لنکاکے درمیان شیڈولڈتھا۔ بارش کی نذر ہونیوالا ایونٹ کا تیسرا میچ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کاتھا جو محض آٹھ اوورز کے بعد ہی ختم کرنا پڑا۔ بنگلہ دیش کے کوچ سٹیو روڈز صورتحال پر برہم نظر آئے ،کہااگر ہم چاند پر انسان کو بھیج سکتے ہیں تو میچ کیلئے ریزرو دن کیوں نہیں ہوسکتا۔ ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ایسا ہے کہ بارش سے متاثرہ میچ کیلئے متبادل دن نہیں دیا گیا جس سے شائقین اور ٹیمیں خوش نظر نہیں آتیں۔