Saturday, May 11, 2024

بارش سے کراچی پھر ڈوب گیا، نالے بپھر گئے، گاڑیاں بہہ گئیں

بارش سے کراچی پھر ڈوب گیا، نالے بپھر گئے، گاڑیاں بہہ گئیں
August 21, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی پھر ڈوب گیا، نالے بپھر گئے، اربن فلڈنگ، لانڈھی،ضلع غربی اور وسطی کا بارش سے برا حال ہو گیا، کے ڈی اے چورنگی کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا، شہر کے کئی علاقے سوئمنگ پول کا منظر پیش کرنے لگے، گاڑیاں بہہ گئیں، موٹر سائیکلیں ڈوب گئیں۔ سندھ حکومت سیاست میں مصروف جبکہ مون سون نے دعوؤں پر پھر پانی پھیر دیا۔ کراچی میں بارشوں سے ہر طرف تباہی مچ گئی، پورے شہر کا نقشہ ہی بدل گیا۔ سڑکوں پر پانی ہی پانی، گھر آدھے آدھے ڈوب گئے، گاڑی تیرنے لگیں، سرجانی ٹائون میں شدید بارش کے بارش کے باعث اطراف کے علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ناظم آباد، بفرزون، سرجانی، نارتھ کراچی میں سڑکیں تالاب بن گیئں۔ ناگن چورنگی، اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ نارتھ کراچی میں صورتحال انتہائی خراب ہے، کئی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ صفائی کے باوجود گجر نالہ بپھر گیا، طغیانی کے باعث برساتی پانی نے اطراف میں موجود مکینوں کی مشکلات بڑھا دیں۔ بارش کے بعد شہر کی موجودہ صورتحال پر لوگوں نے سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ سڑکوں پر پانی کے باعث مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں ہونے پر شہری سندھ حکومت کو کوستے رہے۔ کراچی کے علاقے میمن گوٹھ ڈملوٹی روڈ پر آسمانی بجلی گرنے سے 2نوجوان جاں بحق ہوگئے، پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 16 سالہ شاہنواز اور 16 سالہ سلطان کے نام سے ہوئی۔