Friday, April 19, 2024

بارش سے لاہوریوں کی میٹھی عید بھیگ گئی !!! شہری گھروں میں دبک گئے، عید کے تینوں روز بادل برسنے کی پیشگوئی

بارش سے لاہوریوں کی میٹھی عید بھیگ گئی !!! شہری گھروں میں دبک گئے، عید کے تینوں روز بادل برسنے کی پیشگوئی
July 18, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ اور مردان میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح بارش سے لاہوریوں کی میٹھی عید بھیگ گئی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے جس سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو بے حد پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بارش اور سڑکوں پر پانی کھڑا رہنے کی وجہ سے شہری گھروں میں دبکنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ عید کے تینوں روز پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برسیں گے۔ دوسری جانب مون سون کی بارش نے گرمی کی کمر توڑ دی ہے۔ سب سے زیادہ بارش جھنگ میں 70ملی میٹر ہوئی، ساہیوال62، راولپنڈی ، 57، اسلام آباد 46 اور فیصل آبادمیں 19 ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژن میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ڈی آئی خان، ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، ژوب، کوئٹہ ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ بہاولپور، سبی، قلات، نصیرآباد ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔