Wednesday, April 24, 2024

بارش اور ژالہ باری سے گندم کی تیار فصل کو نقصان

بارش اور ژالہ باری سے گندم کی تیار فصل کو نقصان
April 16, 2019

 لاہور (92 نیوز) بارش اور ژالہ باری سے گندم کی تیار فصل کو نقصان پہنچا ہے۔

 ملک بھر میں طوفانی بارش کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا میں دو روز کے دوران مختلف واقعات میں 32 افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے جب کہ پچاس سے زائد زخمی ہو گئے۔ گندم کی فصل کو بھی نقصان پہنچا۔

 لاہور سمیت کئی علاقوں میں  تیزآندھی اور بارش کے باعث فیڈر ٹرپ کرگئے۔ ہرنائی میں پانچویں روز بھی سیلابی ریلے کے باعث قومی شاہراہ بند رہی۔

 پنجاب، سندھ، بلوچستان ،،خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز سے جاری طوفانی بارشوں اور تیز آندھی نے تباہی مچا دی۔ چھتیں، دیواریں گرنے اور دیگر واقعات  میں دو درجن سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہوئے۔

 لاہور میں  بارش اور ژالہ باری نے  موسم   تبدیل کر دیا۔ فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، لیہ، پنڈی گھیپ ،قصور اور بھکر سمیت کئی علاقوں میں بارش اور اولے پڑنے  سے گندم کی فصل کو بھی نقصان پہنچا۔

 کوئٹہ، سنجاوی اور زیارت سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں پانچویں روز بھی  تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ بھاگ میں مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئے۔

ہرنائی میں سیلابی ریلے کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک چوتھے روز بھی بند رہی۔ نصیرآباد ڈویژن سمیت دیگر اضلاع میں شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو فوری ریسکیو کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

 ڈیرہ اسماعیل اور مضافات میں بھی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ صوابی میں موسلا دھار بارش سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچا۔ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے دریائے ٹوچی میں شدید طغیانی، کئی جگہوں پر حفاظتی بند ٹوٹ گئے۔

 سندھ میں حیدر آباد، سجاول، جامشورو، خیرپور، دادو اور سیہون شریف سمیت اندرون سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی بادل خوب برسے۔ آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ تحصیل جاتی کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہو گئے۔

 محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری  کا امکان ظاہر کیا ہے۔