Friday, May 3, 2024

بارش اور سیلابی ریلوں نے خیبرپختونخوا میں بھی تباہی مچا دی، 21 جاں بحق

بارش اور سیلابی ریلوں نے خیبرپختونخوا میں بھی تباہی مچا دی، 21 جاں بحق
August 29, 2020
سوات (92 نیوز) کراچی کے بعد بارش اور سیلابی ریلوں نے خیبرپختونخوا میں بھی تباہی مچا دی ہے، سیاحتی وادی سوات کوہستان اور شانگلہ میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 21 افراد جاں بحق جبکہ کئی گھر بہہ گئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ خیبرپختونخوا میں بارش سیلابی ریلے اور نالوں میں طغیانی سے تباہی مچ گئی، صوبے میں 21 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ کوہستان میں ایک ہی خاندان کے 8 اور شانگلہ میں 2 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ سوات کے علاقوں شاگرام، مدین اور تیرات میں بھی سیلابی ریلہ آنے سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کردی گئیں اور متعدد افراد کی لاشیں بھی نکال لی گئیں ہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے جاں بحق ہونے والوں کے لئے 5 لاکھ اور زخمیوں کے لئے ایک ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔ سیلابی ریلے میں بہنے والے گھروں کے مکین مکانات کی فوری تعمیر کے لئے حکومت کی راہ تک رہے ہیں۔ مدین شاگرام میں آسمانی بجلی گرنے سے آنے والے سیلابی ریلے میں کئی گھر بہہ گئےجو تاحال حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔