Saturday, May 4, 2024

بارش اور سردی کے باوجود تحریک لبیک کا دھرنا نویں روز بھی جاری

بارش اور سردی کے باوجود تحریک لبیک کا دھرنا نویں روز بھی جاری
November 15, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) فیض آباد میں تحریک لبیک کا دھرنا نویں روز بھی جاری ہے ۔ بارش ، سردی اور مشکلات بھی کارکنوں کا جذبہ کم نہ کر سکیں ۔ کارکنوں کی بڑی تعداد اپنے مطالبات کیلئے پر عزم ہے ۔ وفاقی اور صوبائی وزیر قانون کو ہٹانے کے مطالبے کے حق میں نعروں کاسلسلہ بھی جاری ہے ۔
اسلام آباد میں بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی مگر دھرنے کے شرکا کے حوصلے بلند ہیں ۔
دھرنے کے شرکا ثنا خوانی ، لبیک یارسول اللہ ؐ کے نعرے لگانے میں مگن ہیں ۔ فیض آباد انٹر چینج پر ہر ہوئی جذبہ ایمانی سے سرشار ہے ۔ کوئی بارش سے گھبرایا نہ ہی سردی کسی کے جذبات کو ٹھنڈا کر سکی ۔
گزشتہ روز شروع ہونے والی بارش رات تک کھل کر برسی ۔ شرکاءنے خیمے لگائے اور پل کے نیچے بستر بچھا کر شب گزاری ۔ صبح ہوتے ہی انہوں نے پھر اپنے مطالبات منوانے کےلئے کمر کس لی ۔
حکومت کی جانب سے آخری وارننگ اور کریک ڈاﺅن کے پیش نظر شرکا چوکس اور محتاط ہیں ۔ قائدین کا کہنا ہے کہ جب تک وفاقی وزیر زاہد حامد کو برطرف نہیں کیا جاتا وہ کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ حکومت نے تشدد کی راہ اپنائی تو حالات کی ذمہ دار وہ خود ہوگی۔
دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹیں بڑھائی جارہی ہیں ۔ دھرنے کے مقام سے ایک کلومیٹر دور ایکسپریس وے کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔