Thursday, April 25, 2024

بارش اور برف باری کا باعث بننے والا نیا سسٹم ملک میں داخل

بارش اور برف باری کا باعث بننے والا نیا سسٹم ملک میں داخل
January 14, 2017

کوئٹہ (92نیوز) بارش اور برف باری کا باعث بننے والا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوگیا ہے۔ کہیں چھما چھم بادل برس رہے ہیں تو کہیں آسمان سے برف کے نرم نرم گالے گر رہے ہیں۔ کوئٹہ میں سفید موتی برسنے سے موسم مزید سرد ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں مغربی ہواؤں کا فعال سلسلہ داخل ہوتے ہی بادل، بارش اور برف باری نے بلوچستان میں رنگ جما دیا۔ قلات میں جاڑے کی پہلی برف باری ہوئی۔ ہربوئی اور دشت میں برف پڑنے سے نظارے بدل گئےاور ہرسو برف ہی برف نظر آنے لگی جبکہ منچلوں نے موقع کو غنیمت جانا اور خوب ہلہ گلہ کیا۔ شہر سے دور ایک طرف برف باری جاری تھی تو شہر والوں پر بادل رحمت بن کر برستا رہا جس سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ سردی بڑھنے پر شہری سرراہ آگ جلا کر ہاتھ تاپتے رہے۔

تربت کو بھی پانی بھرے بادلوں نے آن گھیرا اور پھر باران رحمت نے جنگل میں منگل کر دیا۔ گوادر، اوماڑا، خضدار، ڈیرہ بگٹی، سوئی، نصیرآباد، حب، ہرنائی، بولان اور کشمور میں بھی رم جھم سے موسم سہانا ہو گیا۔ مہراب پور، شہدادکوٹ، خیرپورناتھن شاہ، شکارپور، خان پور مہر اور لیہ میں بھی بارش کی تیزبوندوں سے جل تھل ہو گیا۔

ادھر لاہور سمیت بیشتر میدانی علاقوں میں برفیلی ہواؤں نے ٹھنڈ میں اضافہ کردیا۔ آج بھی موسم ابرآلود ہے۔ بیشتر بالائی مقامات کا درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے نیچے ہے۔  سب سے زیادہ سردی سکردو میں رہی جہاں پارہ منفی تیرہ ڈگری پرآ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے ملک میں داخل ہونے کی وجہ سے بدھ تک کہیں بارش تو کہیں برف باری ہو گی۔ دوران سندھ، جنوبی پنجاب، خیبرپختونخوا، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں بارش نے سردی کا لطف دوبالا کر دیا ہے۔ ملتان، جھنگ، نواب شاہ، سانگھڑ، لاڑکانہ میں ابررحمت سے موسم سہانا ہوگیا اور سردی کی شدت بڑھ گئی۔