Tuesday, April 23, 2024

باراک اوباما سمیت دس سے زائد سیاسی شخصیات کو مشتبہ پیکٹس بھیجنے والا شخص گرفتار

باراک اوباما سمیت دس سے زائد سیاسی شخصیات کو مشتبہ پیکٹس بھیجنے والا شخص گرفتار
October 27, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) سابق امریکی صدر باراک اوباما،سابق سیکرٹری خارجہ ہیلری کلنٹن سمیت دس سے زائد سیاسی شخصیات اور میڈیا آرگنائزیشنز کو مشتبہ پیکٹس اور پائپ بم بھیجنے والا شخص گرفتار کر لیا گیا۔ رواں ہفتے جہاں ایک طرف امریکی عوام چھ نومبر کے وسط مدتی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف نظر آئے وہیں مختلف سیاستدانوں کے گھروں کے باہر سے پارسل اور پائپ بموں کی برآمدگی نے عوام کو خوف وہراس میں مبتلا کیے رکھا ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی نیندیں بھی اڑائی رکھیں۔ باراک اوباما، ہیلری کلنٹن ،جو بائیڈن سمیت ٹرمپ مخالف سیاستدانوں اور میڈیا آرگنائزیشنز کو مشتبہ پیکٹس اور پارسل بموں سے ڈرانے کی کوشش کرنے والا ملزم بالاخر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی گرفت میں آہی گیا۔ چھپن سالہ سیزر سایوک کا تعلق فلوریڈا سے ہے اور وہ مجرمانہ ریکارڈ کی وجہ سے متعدد بار جیل جا چکا ہے۔ ملزم کو سوموار کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس پر پانچ مختلف جرائم کی فرد جرم عائد کی جائے گی۔ اٹارنی جنرل جیف سیشن کے مطابق جرم ثابت ہونے پر اسے پچاس سال سے زائد قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہ امریکہ میں کسی کو سیاسی تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے انفرادی فعل کو ری پبلکن پارٹی کی پالیسی قرار نہیں دیا جا سکتا۔