Wednesday, May 1, 2024

بادشاہی مسجد سے نعلین پاک کی چوری ، انکوائری کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم

بادشاہی مسجد سے نعلین پاک کی چوری ، انکوائری کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم
October 14, 2018
لاہور (92 نیوز) سپریم کورٹ لاہور رجسڑی  نے بادشاہی مسجد سے نعلین پاک کی چوری کے معاملے پر انکوائری کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے دیا۔ جےآئی ٹی میں آئی ایس آئی، آئی بی اور ڈی آئی جی پولیس کی سطح کے افسر شامل ہوں گے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ شرم کی بات ہے ہم اتنی مقدس چیز کی حفاظت نہیں کر سکے ۔ چیف جسٹس نے سیکرٹری اوقاف سے اظہار برہمی بھی کیا۔ دوسری طرف چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ لاہور رجسڑی میں مزاروں کے گلوں میں جمع رقم کے استعمال سے متعلق نوٹس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے محکمہ اوقاف کے فرانزک آڈٹ کا حکم  دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ زائرین کی حلال کی کمائی کی بندر بانٹ کر لی جاتی ہے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ دوہزار اٹھارہ  میں مزاروں کے گلوں سےاسی کروڑ روپے جمع ہوئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ پیسہ زائرین کی بہتر سہولیات کے لیے استعمال ہونا چاہئے۔ چیف جسٹس پاکستان نے ڈی جی محکمہ اوقاف کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے سرزنش کی اور داتا دربار کے حالات میں بہتری کا تحریری ثبوت مانگ لیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے مقابلے کا امتحان پاس کرنے کے باوجود نوکری سے محروم نابینا لڑکی کو روزگار دینے کی ہدایت بھی کر دی۔ انہوں نے عدالت میں پیش ہونے والے سیکرٹری پبلک سروس کمیشن کو اگلے ہفتے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ تحریری امتحان کے سونمبر کے بعد انٹرویو کے سو نمبرکیسے رکھ سکتے ہیں؟۔ چیف جسٹس نے نجی اسکولوں کی بھاری فیسوں کی وصولی کا معاملہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کو بھجوا دیا۔ انہوں نے پٹرول پمپ سیل کرنے کی وجہ سے ملازمین کی بیروزگاری اور تنخواہ نہ ملنے سے متعلق بھی رپورٹ مانگ لی۔