Tuesday, April 23, 2024

بابری مسجد زمین کیس ، بھارتی سپریم کورٹ نے زمین کے معاملے پر ثالثی کا حکم دے دیا

بابری مسجد زمین کیس ، بھارتی سپریم کورٹ نے زمین کے معاملے پر ثالثی کا حکم دے دیا
March 8, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) بابری مسجد زمین کیس میں بڑی پیشرفت ہو گئی۔ بھارتی سپریم کورٹ نے زمین کے معاملے پر ثالثی کا حکم دے دیا۔ بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر ہوگی یا نہیں ، بھارتی سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آگیا۔ سپریم کورٹ نے معاملے کو ثالثی کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس حوالے سے تین رکنی پینل بھی تشکیل دے دیا گیا جس کے سربراہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس فقیرمحمد ابراہیم خلیف اللہ ہوں گے جبکہ دیگر دو ارکان میں ہندوؤں کے روحانی پیشوا شری شری روی شنکر اور سینئر ایڈوکیٹ شری رام پنچو شامل ہیں۔ پینل کارروائی کا آغاز پندرہ مارچ سے فیض آباد میں ہو گا جہاں سبھی فریقین آپس میں بیٹھ کر مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔ آٹھ ہفتوں بعد پینل اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا۔ بھارت کی اعلٰی عدلیہ نے اس کارروائی کی میڈیا کووریج پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ پینل کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ خلیف اللہ اور شری شری روی شنکر نے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے۔ انتہا پسند ہندوؤں نے چھ دسمبر انیس سو بانوے کو بابری مسجد کو شہید کردیا تھا۔ وہ اس مقام پر رام مندر کی تعمیر کرنا چاہتے تھے جسے بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا تھا۔