Sunday, May 12, 2024

بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی مل گئی

بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی مل گئی
November 10, 2020
لاہور (92 نیوز) بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی مل گئی، بابر اعظم تینوں فارمیٹس کے کپتان بن گئے۔ اظہر علی ٹیسٹ کپتانی سے دستبردار ہوگئے۔ بطور ٹیسٹ کپتان بابراعظم کی پہلی اسائنمنٹ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریزمیں پاکستان کی قیادت کرنا ہوگا۔ دونوں ممالک کے مابین ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا۔ بابراعظم کو اظہر علی کی جگہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اظہر علی نے دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی تھی۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اس نئی تقرری کی منظوری اظہر علی سے ملاقات کرنے کے بعد دی۔ ملاقات میں احسان مانی نے بطور کپتان خدمات پر اظہر علی کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران انہوں نے بابراعظم سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اس تقرری پر مبارکباد پیش کی۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ اظہر علی کے پاس کرکٹ کا علم بھی ہے اور وہ ایک اسپیشلسٹ ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہیں، اظہر علی میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے اور اِنہیں یقین ہے کہ ان کے تجربے سے ابھی پاکستان بہت فائدہ اُٹھا سکتا ہے۔ احسان مانی بولے کہ کم عمر ی میں ہی بابراعظم میں موجود مستقبل کے کپتان کی نشاندہی کر لی گئی تھی۔ ان کی ڈویلپمنٹ کے لیے انہیں گزشتہ برس وائٹ بال کرکٹ کا کپتان مقرر کیا گیا تھا، تسلسل کے ساتھ ان کی پرفارمنس اور قیادت کی صلاحیتوں کے بنیاد پر انہوں نے ثابت کیا کہ وہ کپتان کی اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔ بابراعظم نے کہا کہ ٹیسٹ کپتان بننے پر وہ بہت فخراور خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ کہا کہ یہ اضافی ذمہ داری اُٹھانے کے لئے تیار ہوں اور اس سے اعتماد میں اضافہ بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیزن مشکل تھا اور جس طرح اس سیزن میں اظہر علی نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی وہ اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یقین ہے کہ وہ ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔