Wednesday, April 24, 2024

بابر اعظم جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیخلاف سیریز میں کپتان مقرر

بابر اعظم جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیخلاف سیریز میں کپتان مقرر
March 12, 2021

لاہور (92 نیوز) بابر اعظم جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف سیریز میں کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گے، چیف سلیکٹر محمد وسیم نے دونوں ممالک کیخلاف ٹی ٹوئنٹی،ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا۔

دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے قومی ٹیم کے 18 رکنی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے جبکہ 20 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، تینوں فارمیٹس میں قیادت کی ذمہ داری بابراعظم نبھائیں گے۔

تجربہ کار محمد حفیظ اور شاداب خان کی واپسی، جارح مزاج بلے باز شرجیل خان پانچ سال بعد قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

بلے بازوں میں عابد علی، اظہر علی، فواد عالم، عمران بٹ، سلمان علی آغا شامل ہیں۔ نوجوان بیٹسمین سعود شکیل ٹیسٹ اور ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بن گئے۔

آل راؤنڈرز فہیم اشرف، محمد نواز جبکہ وکٹ کیپرز محمد رضوان اور سرفراز احمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

حارث روف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، تابش خان فاسٹ باؤلنگ اٹیک کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ پی ایس ایل میں شاندار پرفارمنس دکھانے والے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کی ٹیسٹ ٹیم میں انٹری ہوئی، انجری کے بعد ٹاپ اسپنر یاسرشاہ کو ریسٹ دیا گیا، اسپن شعبے کی ذمہ داری نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود نبھائیں گے، تجربہ کار وہاب ریاض ٹیم سے ڈراپ کردئیے گئے۔

شمالی وزیر ستان کے نوجوان کھلاڑی محمد وسیم جونیئر اور صوابی کے ارشد اقبال پہلی بار قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، جبکہ زمبابوے کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ہوگی، دونوں سیریز اپریل اور مئی میں ہوں گی۔