Monday, May 6, 2024

بابا گورو نانک کے جنم دن کے موقع پر یادگاری سکہ جاری ‏

بابا گورو نانک کے جنم دن کے موقع پر یادگاری سکہ جاری ‏
November 12, 2019
کراچی ( 92 نیوز)وفاقی حکومت نے کرتار پور راہدری کھولنے کے بعد دنیا بھر کی سکھ برادری کو اپنا گرویدہ بنالیا ہے ، اسی طرح  اسٹیٹ بینک نے بابا گورو نانک کے جنم دن کے موقع پر یادگاری سکہ جاری کرکے دنیا کو محبت اور بھائی چارے کا مثبت پیغام دیا۔ وفاقی حکومت کے بعد اسٹیٹ بینک کے بھی بڑے فیصلے نے  سکھ برادری کے دل جیت لیے  ، سکھ مذہب کے بانی بابا گورو ناناک کے 550 ویں جنم دن کو مزید یادگار بنانے کیلئے یادگاری سکہ جاری کردیا ۔ سکھ برادری سے اظہار محبت کیلئے جاری کیے گئے یادگاری سکے کے ایک رخ پر چاند ستارہ جبکہ دوسری جانب ننکانہ صاحب کی عمارت بنائی گئی ہے ۔ گورنراسٹیٹ بینک نے سکے کے اجراء کو انتہائی خاص قرار دیا  اور کہا کہ بابا گورو نانک کا جنم دن پاکستان میں  بھرپور طریقے سے منایا جارہا ہے  جبکہ مرکزی بینک نے پہلی مرتبہ مذہبی شخصیت کا سکہ جاری کرکے دنیا کو امن اور بھائی چارے کا پیغام دیا ۔ سکھ کونسل کے چیئرمین سردار رمیش نے سکہ جاری کرنے کے فیصلے کو سراہا  ، انہوں نے وزیراعظم اور پاک فوج کے سپہ سالار کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔ سردار رمیش کا کہنا تھا بابا گورو نانک نے 18 سال اس دھرتی پر گزارے  ، پاکستان کی محبت کا اثر ہے کہ  پوری دنیا کے سکھ اس سرزمین پر آنے کے خواب دیکھ رہے ہیں ۔