Wednesday, April 24, 2024

بابا گرونانک کے 552ویں جنم دن کی تقریبات، بھارت نے ڈیڑھ سال بعد کرتارپور راہداری کھول دی

بابا گرونانک کے 552ویں جنم دن کی تقریبات، بھارت نے ڈیڑھ سال بعد کرتارپور راہداری کھول دی
November 18, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) بابا گرونانک کے 552ویں جنم دن کی تقریبات کیلئے بھارت نے ڈیڑھ سال بعد کرتارپور راہداری کھول دی۔

بھارتی پنجاب کی نامور شخصیات ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آج کرتارپور پہنچیں گے۔ وفد میں بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چانی ، پنجاب کانگریس کمیٹی کے صدر، سابق کرکٹر نیوجوت سنگھ سدھو، بھارتی پنجاب کے نائب وزرائے اعلیٰ  سخجندر سنگھ رندھاوا، اوم پرکاش سونی، مسز ارونا چوھدری، ہریش چوھدری، رانا گرجیت سنگھ، وجے اندر ، راج کمار ورک، پرگاٹ سنگھ، امریندر سنگھ سمیت وفد پاکستان پہنچے گا۔

ہندوستان نے مارچ 2020ء میں کرتارپور راہداری سے منسلک سرحد بند کر دی تھی۔ بھارت نے یہ اقدام کرتارپور راہداری کے افتتاح کے محض 4 ماہ بعد اٹھایا تھا۔

دوسری جانب ترجمان پاکستان ہائی کمیشن دہلی کا کہنا ہے کہ ہندوستان سے براستہ واہگہ 2 ہزار 443 سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان پہنچنے پر بھارتی سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ سکھ یاتری 17 سے 26 نومبر تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔