Monday, May 6, 2024

بابا گرونانک نے زندگی کے آخری 18 برس کرتارپور میں گزارے

بابا گرونانک نے زندگی کے آخری 18 برس کرتارپور میں گزارے
October 24, 2019
نارووال ( 92 نیوز ) کرتار پور سکھوں کے لئے انتہائی اہم  اور مقدس مقام ہے جہاں ان کے روحانی پیشوا  بابا گرو نانک جی دیو مہاراج نے اپنی زندگی کے آخری 18 برس گزارے ۔ دربار صاحب کرتارپور پاکستان کے ضلع نارووال میں بھارتی سرحد سے 4.5 کلومیٹر دور واقع ہے ،  سکھ برادری کی مذہبی اور ثقافتی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے دربار صاحب کرتارپور کی تعمیر کی گئی ہے۔ تعمیراتی ڈیزائن کیلئے دنیا بھر میں موجود سکھ کمیونٹی کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا گیا ، منصوبہ میں 6.8 کلومیٹر لمبی سڑک، دریائے راوی پر 800 میٹر پُل ، 330 ایکڑ رقبے پرمحیط گوردوارہ کمپلیکس کی ازسر نو تشکیل اور توسیع شامل ہے۔ سکھ یاتریوں کے لئے رہائش، لنگر، غسل خانوں سمیت اضافی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے،  عمارت کو سیلاب سے بچانے کے لئے 2.8 کلو میٹر طویل بند باندھے گئے ہیں ۔بودھی راوی کریک کے زیرو پوائنٹ پر پل تعمیر کیا گیا۔ گوردوارہ کے اطراف  ایک لاکھ 52 ہزار مربع فٹ کی بارہ دری تعمیر کی جا رہی ہے جس میں 500 یاتری ایک ہی وقت میں مذہبی رسومات کی ادائیگی اور درشن کر سکیں گے ۔ گورو دوارے میں لنگر ہال اور ایک وسیع و عریض مہمان خانہ کی تعمیر کیا جارہا ہے، جبکہ گورو نانک کی طرف سے دی گئی 26 ایکڑ زمین کو 36 ایکڑ اضافی زمین میں شامل کر کے کھیتی صاحب کا نام دیا گیا ہے۔ بابا گرو نانک دیو جی نے اپنی زندگی کے آخری 18 سال کرتارپور میں قیام کیا ، سکھ برادری 12 نومبر 2019 کو بابا گرو نانک دیو جی کا 550 واں یوم پیدائش منائے گی ،اس سے پہلے نو نومبر کو کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے۔