Tuesday, April 23, 2024

بائرن میونخ یوئیفا چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پی ایس جی سے ٹکرائیگا

بائرن میونخ یوئیفا چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پی ایس جی سے ٹکرائیگا
August 20, 2020

لندن ( 92 نیوز) یوئیفا چیمپئنز فٹبال لیگ کے فائنل میں بائرن میونخ نے جگہ بنا لی ، سیمی فائنل میں جرمن کلب نے لیون کو تین صفر سے شکست  دی، فاتح ٹیم کی جانب سے سرج گنبری نے  دو گول اسکور کیے۔

یوئیفا چیمپئنز لیگ کے فیصلہ کن معرکے کے لیے ٹیموں کا انتخاب مکمل ہوگیا۔ بائرن میونخ  نے ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ، سیمی فائنل میں بائرن میونخ نے لیون کو تین صفر سے دھول چٹا کر ایونٹ سے آؤٹ کردیا۔

ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں  بائرن میونخ اور  لیون کی ٹیمیں مد مقابل ہوئیں، جرمن کلب نے  آغاز سے ہی کھیل  پر گرفت مضبوط رکھی ، 18ویں منٹ میں سرج گنبری  نے گول داغ کر ٹیم کو برتری دلا دی۔

میچ کے  33ویں منٹ میں  گنبری  نے ایک بار پھر گیند کو جال  کی راہ دکھائی اور ٹیم کی برتری دگنی کر دی ، پہلے ہاف میں بائرن میونخ کی دو صفر کی برتری برقرار رہی۔

دوسرے ہاف میں بھی لیون کی ٹیم کوئی گول اسکور کرنے میں ناکام رہی جبکہ میچ کے آخری لمحات میں بائرن میونخ کے لیونڈوسکی  نے گول کرکے ٹیم کو تین صفر سے کامیابی  دلائی۔

یوئیفا چیمپئنز فٹبال لیگ کے فائنل میں بائرن میونخ کا مقابلہ پی ایس جی سے 23 اگست کو ہوگا۔