Tuesday, April 23, 2024

اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ کے عہدے پر برقرار رکھنے کا حکم جاری

اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ کے عہدے پر برقرار رکھنے کا حکم جاری
January 18, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ برقرار رکھنے کا حکم جاری کردیا۔ ساتھ ہی سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف صوبائی حکومت کی اپیل بھی منظور کر لی۔
سپریم کورٹ میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی تقرری کے معاملے پرسندھ حکومت کی اپیل کی سماعت ہوئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئی جی سندھ کو ہٹانے کا حکم دیا جائے۔
سماعت میں وکیل سندھ حکومت نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ نے پولیس ایکٹ 2011 کو آئینی قرار دیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی کو پولیس میں تبادلوں کا اختیار بھی دے دیا۔
اس پر عدالت نے اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ برقرار رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف صوبائی حکومت کی اپیل منظور کر لی۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اے ڈی خواجہ کو سندھ پولیس میں تبادلے کرنے کا مکمل اختیار ہو گا۔
عدالت عظمیٰ نے آئی جی سندھ کی تقرری کے معاملے پر وفاق کو اقدامات اٹھانے سے روک دیا۔
عدالت نے کہا کہ تقرری کے معاملے پر وفاقی حکومت کے کسی اقدام کی کوئی حیثیت نہیں ہو گی۔ سندھ میں آئی جی کی تقرری کامعاملہ عدالتی فیصلے سے مشروط ہو گا۔ آئی جی کی تبدیلی سے متعلق وفاقی وصوبائی حکومتوں کے احکامات معطل تصور ہوں گے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سندھ ہائیکورٹ نے بہت خوبصورت فیصلہ دیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ دو تین بار پڑھنے کے لائق ہے۔