Wednesday, May 15, 2024

اے پی سی میں شامل افراد کو صرف اپنے اقتدار کی فکر ہے،مصطفیٰ کمال

اے پی سی میں شامل افراد کو صرف اپنے اقتدار کی فکر ہے،مصطفیٰ کمال
September 20, 2020

کراچی ( 92 نیوز) چیئر مین  پی ایس  پی  مصطفیٰ  کمال کہتے ہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شریک تمام لوگوں کو پاکستان کے عوام کی نہیں بلکہ صرف اپنے اقتدار کی فکر ہے، ان لوگوں کی 30 تیس سال حکومت رہی ہے، مگر کچھ نہیں کیا ،اگر ووٹر کو عزت دی ہوتی تو آج یہ دن نہیں دیکھنے پڑتے۔

 پی ایس پی کا کراچی میں ایک اور سیاسی پاور شو ، کورنگی کے بعد اس بار رخ کیا نیوکراچی کا جہاں پی ایس پی کارکنان نے اپنے قائدین کا استقبال کیا ۔

مصطفیٰ کمال نے گودھرا  سیکٹر الیون جی میں خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد میں ہوئی آل پارٹیز کانفرنس  کو خوب آڑے ہاتھوں لیا بولے انھیں عوام کی نہیں  اپنے اقتدار کی فکر ہے اگر ووٹر کو عزت دی ہوتی تو  آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے  ۔

چیئرمین  پاک سر زمین  پارٹی نے کہا پیپلزپارٹی اور  بلاول کس منہ سے جمہوریت اور عوام کی حقوق کی  بات کررہے ہیں، 12 سال میں کراچی کو لاڑکانہ اور  حیدرآباد کو موہن جودڑو بنادیاگیا۔

مصطفیٰ  کمال  نے کہا پچھلے چار سال میں ایم کیو ایم کی بلدیاتی حکومت کو 125 ارب روپے ملے اگر مجھ کو اسکا  آدھا بھی مل جائے تو کراچی کی ایک سڑک پر گڑھا  نظر نہیں آئے۔

مصطفیٰ  کمال نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نورا کشتی لڑ رہے ہیں اپنی کرپشن چھپانے کے لیے ایک  جانب سے سندھ توڑنے کا نعرہ لگایا جاتا ہے جبکہ دوسری  جانب سے اس نعرے کا  فائدہ اٹھایا جاتا ہے۔