Thursday, April 25, 2024

اے پی سی میں اپوزیشن رہنماؤں نے پاناما لیکس کا ذکرکئے بغیر احتساب کا مطالبہ کردیا

اے پی سی میں اپوزیشن رہنماؤں نے پاناما لیکس کا ذکرکئے بغیر احتساب کا مطالبہ کردیا
October 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز)اے پی سی میں اپوزیشن رہنماؤں نے پاناما لیکس کا ذکرکیے بغیر احتساب کا مطالبہ کردیا وزیراعظم کی اقوام متحدہ میں تقریر میں کلبھوشن کا ذکر نہ ہونے پر سوال اٹھائے گئے۔ سیکرٹری خارجہ کہنے لگے کہ حکمت عملی کے تحت کلبھوشن کا نام شامل نہیں کیا گیا تھا۔ تفصیلات کےمطابق پارلیمانی جماعتوں کے رہنمائوں کااجلاس وزیراعظم نوازشریف کی صدارت میں ہوا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اپوزیشن راہنماوں نے پانامہ کا نام لیے بغیر احتساب کا مطالبہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری، شاہ محمود، سراج الحق سمیت کسی نے بھی پانامہ کا ذکر تک نہ کیا۔سب سے پہلے احتساب کی بات کامل علی آغا نے کی۔ کہتے ہیں کہ احتساب کے حوالے سے اپوزیشن نے بھی بل جمع کرایا  ہے حکومتی بل بھی موجود ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ احتساب کی خواہش دونوں طرف موجود ہے۔ بسم اللہ کرکے کوئی متبادل نطام احتساب کیلئے اتفاق رائے پیدا کریں۔ جس پر وزیر اعظم نے کامل علی آغا کی  خیالات کی تعریف کی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے وزیر اعظم کو اپوزیشن کے بل کی حمایت کرنے کا کہا تو وزیر اعظم نوازشریف اعتزاز احسن کی بات سن کر مسکراتے رہے۔ اجلاس کی اندرونی کہانی سناتے ہوئے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی اقوام متحدہ میں تقریر می٘ں کلبھوشن کا ذکر نہ ہونے پر سوال اٹھائے گئے۔ سیکرٹری خارجہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن کے حوالے سے الگ سے ڈوزئیر تیار کیا جا رہا ہے۔ حکمت عملی  کے تحت کلبھوشن کا نام وزیر اعظم کی تقریری میں شامل نہیں تھا۔وزیر اعظم نے بلاول کی تقریر کی بھی تعریف کی۔آپ کی باتیں سن کرخوشی ہوئی ہے۔