Friday, May 3, 2024

اے پی سی سے قبل طاہر القادری کے مشائخ عظام اور سیاسی رہنماؤں سے رابطے تیز

اے پی سی سے قبل طاہر القادری کے مشائخ عظام اور سیاسی رہنماؤں سے رابطے تیز
December 27, 2017

لاہور (92 نیوز) آل پارٹیز کانفرنس سے قبل ڈاکٹر طاہر القادری نے مشائخ عظام اور سیاسی رہنماؤں سے رابطے تیز کر دیئے۔
صدر مشائخ عظام خواجہ عطا اللہ تونسوی نے اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کرا دی جبکہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری جمعرات کو طاہرالقادری سے ملاقات کریں گے۔
پاکستان عوامی تحریک نے تیس دسمبر کو کل جماعتی کانفرنس بلائی تو ڈاکٹر طاہرالقادری نے مشائخ عظام اور سیاسی رہنماؤں کی شرکت یقینی بنانے کے لئے رابطے بھی تیز کر دیئے۔
عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے صدر مشائخ عظام پیر خواجہ عطا اللہ تونسوی سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جسے خواجہ تونسوی نے قبول کر لیا اور تیس دسمبر کو ہونے والی اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کرا دی۔
دوسری طرف ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔
آصف علی زرداری نے بھی طاہر القادری کی دعوت کو قبول کیا اور جمعرات کو اُن سے ملاقات بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی بھی اے پی سی میں شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری اے پی سی میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا نہ ملنے پر سیاسی و مذہبی قائدین کو حکومت مخالف تحریک چلانے کے لئے ایک ایجنڈے پر متفق کرنے کی کوشش کریں گے۔