Friday, April 26, 2024

اے این پی کے رہنماء حاجی عدیل کی نمازجنازہ ادا

اے این پی کے رہنماء حاجی عدیل کی نمازجنازہ ادا
November 18, 2016

 پشاور(92نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء سابق سینیٹرحاجی محمد عدیل کی نماز جنازہ پشاور کے جناح پارک میں ادا کردی گئی۔ حاجی محمد عدیل کا آج صبح سی ایم ایچ پشاور میں انتقال ہوگیا تھا بہتر سالہ حاجی محمد عدیل تین بار خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن منتخب ہوکرصوبائی وزیرخزانہ اورصوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پربھی فائز رہے۔

تفصیلات کےمطابق عوامی نیشنل پارٹی کے سینیئررہنماء حاجی محمد عدیل کو گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پرپشاور کے سی ایم ایچ منتقل کیا گیا گردوں کے عارضہ میں مبتلا سابق سینیٹر حاجی محمد عدیل جمعہ کی صبح تین بجے خالق حقیقی سے جا ملے اور اس طرح سیاست کا ایک اور باب بند ہوگیا۔

حاجی محمد عدیل کی نمازجنازہ پشاورکے جناح پارک میں ادا کی گئی جس میں گورنرخیبرپختونخوا ،اے این پی کے رہنمائوں غلام احمد بلور، شاہی سید،امیرحیدرہوتی اور ایمل ولی خان سمیت  مختلف سیاسی جماعتوں کےرہنمائوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد حاجی محمد عدیل کوآبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ 1944 میں پشاور میں پیدا ہونے والے حاجی محمد عدیل سیاسی سفر کے دوران ڈیڑھ سال تک اے این پی کے مرکزی صدر رہے تین بار پشاورشہرسےخیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ صوبائی وزیرخزانہ اور 1997 سے 1999 تک صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر رہے۔ 2009 سے 2015 تک سینیٹر رہے۔