Friday, May 17, 2024

اے این پی کا پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان، اتحاد کا ذاتی ایجنڈے پر استعمال وجہ بنا، امیر ہوتی

اے این پی کا پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان، اتحاد کا ذاتی ایجنڈے پر استعمال وجہ بنا، امیر ہوتی
April 6, 2021

پشاور (92 نیوز) اے این پی نے پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ امیر حیدر ہوتی نے کہا، اگر کوئی ذاتی ایجنڈے کو ساتھ لے کر چلے گا تو پھر اے این پی ساتھ نہیں دے سکتی۔

منگل کے روز امیر حیدر ہوتی نے اے این پی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے کہا، ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش ہی نہیں کی گئی بلکہ دیوار سے لگا دیا گیا ہے۔ کسی جماعت یا فرد کو یہ اختیار نہیں کہ کسی دوسری جماعت کو شوکاز بھیجے۔ ہم سے جواب لینے کا اختیار صرف اسفند یار ولی کو ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ استعفوں کے حوالے سے پی ڈی ایم کی جماعتوں میں کچھ تلخیاں اور دوریاں ہوئیں، ہمارا مؤقف تھا کہ استعفوں کے بغیر لانگ مارچ میں دم نہیں ہوگا۔ ہم نے کہا استعفوں پر متفقہ فیصلے تک لانگ مارچ مؤخر ہونا چاہیے۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے دو امیدوار سامنے آئے، ایک ن لیگ اور دوسرا پیپلزپارٹی کا تھا۔ ن لیگ کے امیدوار پر پیپلز پارٹی کے اعتراضات کو دور نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے دو امیدواروں میں سے کسی ایک کو اندھیرے میں نہیں چنا، دن کی روشنی میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیا۔ پی ڈی ایم کے اجلاس میں وجہ پوچھی جاتی تو بتاتے۔ پیپلز پارٹی کو ووٹ کیوں دیا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ مولانا اور شاہد خاقان عباسی ہمارے لیے قابل احترام ہیں، ہمیں توقع نہیں تھی یہ جے یو آئی یا ن لیگ کے رہنماء کی حیثیت سے قدم اُٹھائیں گے۔ ہم سمجھتے تھے وہ پی ڈی ایم کے عہدیداران کے طور پر کوئی قدم اُٹھائیں گے۔ وضاحت کے باوجود شوکاز نوٹس اے این پی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔