Thursday, April 18, 2024

ایگریکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ پشاورپردہشت گردوں کاحملہ، نو افراد شہید، 36 زخمی

ایگریکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ پشاورپردہشت گردوں کاحملہ، نو افراد شہید، 36 زخمی
December 1, 2017

پشاور (92 نیوز) خون کے پیاسوں کا پشاور پر ایک اور وار ،دہشت گردوں نے صبح سویرے ایگریکلچر ڈائریکٹوریٹ پر بزدلانہ وار کیا۔ رکشے میں سوار برقع پوش دہشت گرد ڈائریکٹوریٹ کے مین دروازے پر پہنچے ،چوکیدار نے روکا تو اُسے نشانہ بنایا جس کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے آگے بڑھتے گئے۔

 فائرنگ کی آواز سے ہر طرف خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دہشت گردوں نےدستی بموں سے دھماکے  بھی کئے ۔ اور ہاسٹل تک پہنچ گئے جہاں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سننے پر طلبا کمروں سے نکلے تو اُنہیں نشانہ بنایا گیا تاہم سکیورٹی فورسز  نے بروقت ریسپانس کیا اور دہشت گردوں کو وہیں روکا۔ آپریشن کے دوران یونیورسٹی روڈ کو عام ٹریفک کے لئے بند کر دیاگیا۔

سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نشانات کمروں کی درودیوار پر موجود ہیں تاہم ایک کے بعد دوسرا دہشت گرد فورسز کا نشانہ بنا  اور ڈھیر ہو گیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین خان نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز بروقت کارروائی نہ کرتیں تو شہادتیں بڑھ سکتی تھیں، پولیس3سے5 منٹ میں جائے وقوعہ پر موجود تھی۔

فورسز نے برقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کوانجام تک پہنچانے کےساتھ ساتھ پشاور کو بڑے سانحہ سے بچا لیا۔ آپریشن کلین اپ کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے برآمد کئے گئے اسلحے میں دستی بم ، خود کش جیکٹس  اور ایس ایم جی رائفلز بھی شامل ہیں۔