Friday, May 17, 2024

ایکنک کا اجلاس، ایک سو اکیانوے ارب کے حیدرآباد سکھر موٹروے منصوبے کی منظوری

ایکنک کا اجلاس، ایک سو اکیانوے ارب کے حیدرآباد سکھر موٹروے منصوبے کی منظوری
December 23, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) مشیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا جس میں ایک سو اکیانوے ارب کے حیدرآباد سکھر موٹروے منصوبے کی منظوری دی گئی۔

وفاقی وزراء اسد عمر، خسرو بختیار، مشیروں اور دیگر اعلی حکام کی اجلاس میں شرکت ہوئی۔ اجلاس میں 24.96 ارب مالیت کا لئی ایکسپریس وے، فلڈ چینل منصوبے کی زمین کی خریداری کی منظوری دی گئی۔ منصوبے کے تحت 750 کنال اراضی رائٹ آف وے کیلئے خریدی جائے گی۔ ایکنک نے راولپنڈی رنگ روڈ آر 3 کیرج وے منصوبے کی بھی منظوری دیدی۔ 6 لین کا 38.3 کلومیٹر طویل منصوبہ 23.60 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔

ایکنک نے 191 ارب 47 کروڑ کی لاگت سے حیدرآباد تا سکھر موٹر وے کی منظوری دیدی۔ 6 لین کی 306 کلومیٹر طویل موٹر وے کا منصوبہ بلٹ آپریٹ ٹرانسفر بنیادوں پر تعمیر ہو گا۔ اس کے علاوہ جنوبی پنجاب تخفیف غربت 25.24 ارب روپے کے منصوبے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ منصوبے کے تحت 10 اضلاع میں تخفیف غربت کی کوششیں کی جائیں گی۔ ایکنک نے گریٹر تھل کینال منصوبہ مزید غور کیلئے موخر کر دیا۔