Sunday, September 8, 2024

ایکس باکس صارفین کمپیوٹرز اور پلے سٹیشن پر حریفوں کا آن لائن مقابلہ کر سکیں گے

ایکس باکس صارفین کمپیوٹرز اور پلے سٹیشن پر حریفوں کا آن لائن مقابلہ کر سکیں گے
March 17, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) مائیکروسافٹ نے ایکس باکس پر گیم کھیلنے والے صارفین کو خوشخبری سنا دی۔ اب ایکس باکس صارفین کمپیوٹر کے ساتھ ساتھ پلے سٹیشن رکھنے والے گیمرز سے بھی آن لائن مقابلہ کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے ویڈیو گیم کنسول ایکس باکس کے صارف جلد ہی پرسنل کمپیوٹرز اور ممکنہ طور پر سونی کے پلے سٹیشن رکھنے والے گیمرز سے آن لائن کھیل سکیں گے۔ خیال رہے کہ تاحال گیمرز صرف اسی صورت میں آن لائن ایک گیم میں مدمقابل آ سکتے ہیں اگر ان کے پاس ایک ہی جیسے کنسول یا سسٹم ہوں۔ کمپنی کا کہنا ہے اس سلسلے میں پہلی گیم جو اس نظام پر دستیاب ہوگی اس کا نام ”راکٹ لیگ“ ہے جسے ایکس باکس اور عام کمپیوٹر استعمال کرنے والے ایکس باکس لائیو کے ذریعے آن لائن مل کر کھیل سکیں گے۔ راکٹ لیگ گیم بنانے والے سٹوڈیو کا کہنا ہے کہ جب سے راکٹ لیگ ایکس باکس ون پر آئی ہے گیمرز کا پہلا مطالبہ یہی رہا ہے کہ دیگر نیٹ ورکس والوں کو بھی اس تک رسائی دی جائے۔