Thursday, April 25, 2024

ایک ہی دن میں کورونا کے 2 لاکھ 30 ہزار نئے کیسز پر عالمی ادارہ صحت نے انتباہ جاری کر دیا

ایک ہی دن میں کورونا کے 2 لاکھ 30 ہزار نئے کیسز پر عالمی ادارہ صحت نے انتباہ جاری کر دیا
July 14, 2020
جنیوا (92 نیوز) ایک ہی دن میں کورونا کے 2 لاکھ 30 ہزار نئے کیسز سامنے آنے پر عالمی ادارہ صحت نے انتباہ جاری کر دیا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ متعدد ممالک کورونا وائرس سے نمٹنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں جس کے باعث دنیا سے اس مہلک وباء کے خاتمے میں خاصہ وقت لگنے کا اندیشہ ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے چیف ٹیڈروس ادھانوم  کا کہنا ہے کہ کچھ ممالک ایسے ہیں جنہوں نے لاک ڈاون میں نرمی برتی اور احطیاتی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد نہیں کروا سکے جس کے باعث ان ممالک میں کورونا وائرس تیزی سے افزائش پا رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے چیف نے ایک بار پھر تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ وقفے وقفے سے ہاتھ دھویئں، ماسک پہنیں اور سماجی دوری کے اصول پر عمل کریں تاکہ اس مہلک وبا پر قابو پایا جا سکے۔ عالمی ادارہ صحت کے چیف ٹیڈروس ادھانوم نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات سے صاف واضع ہے کہ ہم اس وباء پر قابو پانے میں کامیاب نہیں ہو پا رہے اور نہ ہی کوئی ایسے آثار نظر نہیں آ رہے کہ جلد ہم پہلے جیسی معمول کی زندگی بسر کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک غلط سمت کی جانب گامزن ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے چیف ٹیڈروس ادھانوم نے واضح کیا کہ اگر حکومتوں کی جانب سے مناسب حکمت عملی تیار نا کی گئی اور عوام کی جانب سے اس پر عمل نا کیا گیا تو اس کا نتیجہ بہت بھیانک نکلے گا اور یہ مہلک وبا مزید پھیلتی جائے گی۔ قاتل وائرس اب تک پانچ لاکھ ستر ہزار افراد کو لقمہ اجل بنا چکی ہے جبکہ 12.9 ملین افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ دنیا بھر کی معیشت بھی اس وبا کے باعث شدید متاثر ہوئی ہے اور دنیا کے بیشتر حصوں میں غذائی قلت کا خدشہ بڑھنے لگا ہے۔