Thursday, March 28, 2024

ایک ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

ایک ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ
January 24, 2020
لاہور (92 نیوز) مہنگائی کی چکی میں پستے عوام کیلئے پچھلا ہفتہ بھی بھاری رہا، ایک ہفتے کے دوران بنیادی ضرورت کی 15 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مہنگائی کی چکی نے گزشتہ ہفتے بھی عوام کے کس بل نکال دیئے، وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ15 انتہائی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران دالیں، گائے کا گوشت، چکن، چائے، چینی اور آٹا مہنگا ہوگیا، سب سے زیادہ آٹے کی قیمت بڑھی،ملک میں 20 کلو کا تھیلا 167 روپے مہنگا ہوگیا جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال قبل چینی کی قیمت 59روپے3پیسے کلو تھی جو اس وقت 77سے89روپے کے درمیان ہے، ایک سال میں چینی 18 روپے 86 پیسے فی کلومہنگی ہوچکی ہے، رواں ہفتے چینی کی قیمت میں 3 روپے 60 پیسے اضافہ ہوا۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر غریبوں کا سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ایک طرف شہریوں کے پاس روزگار کے مواقع کم ہوتے جارہے ہیں تو دوسری طرف خوراک مہنگی سے مہنگی ہوتی جارہی ہے۔