Tuesday, April 16, 2024

ایک ہفتے میں مہنگائی مزید صفر اعشاریہ 96 فیصد بڑھ گئی

ایک ہفتے میں مہنگائی مزید صفر اعشاریہ 96 فیصد بڑھ گئی
August 22, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، ایک بار پھر مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کرلیا۔ مہنگائی کی شرح ایک سال میں 8.50 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ 96 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات اسلام آباد کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی مزید صفر اعشاریہ 96 فیصد بڑھ گئی۔ گزشتہ ہفتے 20 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔ بجلی چارجز فی یونٹ 36 پیسے بڑھ گئے، برائلر مرغی ساڑھے 5 روپے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ ٹماٹر کی قیمت میں ڈیڑھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق آٹا، دودھ، دہی، چھوٹا اور بڑا گوشت، چاول، دال چنا، دال مسور اور لہسن بھی مہنگا ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی رونما ہوئی، جیسے انڈے 9 روپے فی درجن، پیاز 2 روپے، دال مونگ 3 روپے اور گھریلو سلنڈر 7 روپے سستا ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔