Monday, May 13, 2024

ایک مچھر نے پوری قوم کو یرغمال بنالیا، ڈینگی قابو سے باہر

ایک مچھر نے پوری قوم کو یرغمال بنالیا، ڈینگی قابو سے باہر
September 20, 2019
لاہور(92 نیوز) ایک مچھر نے پوری قوم کو یرغمال بنا لیا، ڈینگی آئوٹ آف کنٹرول ہوگیا،24گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 323 افراد اور کراچی میں 66 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی، پنجاب میں تعداد 2012،کے پی کے میں 1800 جبکہ سندھ میں 2 ہزار ایک سو 65 تک پہنچ گئی۔ قاتل مچھر نے زندگی اجیرن کردی ہے، پنجاب، کے پی کے اور سندھ میں ڈینگی کے ڈنگ جاری ہے،24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں مزید 323،کراچی میں66 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ پنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد2012تک پہنچ گئی،راولپنڈی سے 121، اسلام آباد سے 173 ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوئے، لاہور اور جھنگ سے مزید چار چار کیس سامنے آگئے، فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں زیرعلاج خاتون میں ڈینگی کی تصدیق ہوگئی، لیہ، گجرات اور وہاڑی سے مزید 2،2 مریض ڈینگی کا شکار ہوگئے۔ ملتان میں کراچی سے ڈینگی کا شکار ہوکر آنے والا نوجوان نشتر ہسپتال میں داخل جبکہ کراچی میں ڈینگی وبائی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، مچھروں کے خاتمے کے لئے کوئی اقدامات کئے جا رہے ہیں نہ ہی اسپرے کیا جا رہا ہے۔ ڈینگی کنٹرول پروگرام کے منیجر ڈاکٹر محمود اقبال نے کہا ہے کہ ٹائر کی دکانیں مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہی ہیں، روزانہ صاف پانی اور اسپرے کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈینگی مچھر نے صحت کا بڑا بحران پیدا کردیا،ہسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی،رواں سال ملک میں 8 ہزار388 افراد ڈینگی کا شکار ہو چکے، ڈینگی مانیٹرنگ سیل کے مطابق 16 افراد ڈینگی کے باعث جاں بحق ہوئے۔