Thursday, March 28, 2024

ایک سال کے اندر پاکستان سے عالمی چیمپئن باکسرز ابھریں گے : عامر خان

ایک سال کے اندر پاکستان سے عالمی چیمپئن باکسرز ابھریں گے : عامر خان
December 27, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ورلڈ چیمپین باکسر عامر خان نے اسلام آبادکے مشہور تجارتی مرکز میں باکسنگ رنگ لگا کر بچوں کے ساتھ ٹریننگ کی اور ان میں باکسنگ گلوز تقسیم کیے۔ عامر خان کا کہنا ہے کہ بچوں کے ساتھ ٹریننگ کا مقصد اے پی ایس کے ننھے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان اسلام آباد کے مشہور تجارتی مرکز پہنچے تو عوام نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ عامر کے ہمراہ ان کے بھائی نوجوان باکسر ہارون خان بھی موجود تھے۔ دونوں بھائیوں نے اس موقع پر پنچنگ‘ جیبنگ‘ ہک‘ اپر کٹ اور کاونٹر اٹیک کے شاندار مظاہرے کیے اور شائقین سے داد وصول کی۔ اس موقع پر عامر خان کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ گھلنے ملنے کا مقصد اے پی ایس کے ننھے شہیدوں کی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ ہے جسے نکھارنے کیلئے وہ اکیڈمیز قائم کر رہے ہیں۔ وہ پر امید ہیں کہ ایک سال کے اندر پاکستان سے عالمی چیمئین باکسرز آنا شروع ہو جائیں گے۔