Thursday, April 25, 2024

ایک سال میں کتنی رقم بیرون ملک منتقل ہوئی؟ ایک ہفتے میں تفصیلات طلب

ایک سال میں کتنی رقم بیرون ملک منتقل ہوئی؟ ایک ہفتے میں تفصیلات طلب
April 26, 2018
اسلام اباد (92 نیوز) ایک سال میں کتنی رقم بیرون ملک منتقل ہوئی؟؟ سپریم کورٹ نے ایک ہفتے میں تفصیلات طلب کر لیں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پاکستانیوں کے بیرون ملک اکاﺅنٹس اور اثاثوں سے متعلق ازخودنوٹس کیس کی سماعت کی ۔ گورنراسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کے چیئرمین عدالت میں پیش ہوئے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ڈالر 118 پر چلا گیا۔ ایک ہفتے میں بتایا جائے کس کس نے ڈالر بیرون ملک منتقل کیے۔ معلومات کو خفیہ رکھا جائیگا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اثاثوں کو پکڑنے کے لئے غیر ملکی اکائونٹس میں ٹرانزیکشن کا جائزہ لیا جا سکتا ہے جبکہ گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ 1992 کے قانون کے مطابق یہ ٹرانزیکشن خفیہ ہوتی ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ قانون دکھا دیں معطل کر دیں گے۔ عدالت نے ایک سال میں 50 ہزار ڈالر سے زائد کی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ سربمہرلفافے میں طلب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک سے لگژری گاڑیوں کی تفصیلات بھی مانگ لیں اور ایف بی آر کو 3 روز میں تمام فور ویلز گاڑیاں واپس کرنے کا حکم بھی دےدیا۔ کیس کی سماعت ایک ہفتے بعد ہو گی۔