Sunday, September 8, 2024

ایک سال سے مفرور ملزم سابق چیئرمین فشریز نثار مورائی گرفتار

ایک سال سے مفرور ملزم سابق چیئرمین فشریز نثار مورائی گرفتار
March 10, 2016
کراچی (92نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کےلئے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے رہنما اور فشرمین کو آپریٹو سوسائٹی کے سابق چیئرمین نثار مورائی کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نثار مورائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کئی اہم نوعیت کی تفتیشوں میں مطلوب ہیں۔ نثار مورائی کا نام لیاری گینگ وار کے کمانڈروں کی پشت پناہی، فشر مین کو آپریٹو سوسائٹی میں اربوں روپے کی کرپشن اور اسلحے کی غیرقانونی ترسیل کے حوالے سے مختلف تفتیشوں میں شامل ہے۔ نثار مورائی کا فرنٹ مین اورسانحہ صفورا کے ملزموں کا سہولت کار فشر مین کو آپریٹو سوسائٹی کا سابق وائس چیئرمین سلطان قمر صدیقی پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ نثار مورائی، آصف علی زرداری کے ہمراز اور بعض اہم مقدمات میں ان کے شریک ساتھی ملزم بھی ہیں۔ نثار مورائی سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے قریبی دوستوں میں بھی شامل رہے ہیں اور ذوالفقار مرزا کی جانب سے آصف زرداری کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے کے بعد نثار مورائی اور ذوالفقار مرزا کے راستے جدا ہوگئے تھے۔ نثار مورائی کراچی آپریشن کے خوف سے ایک سال پہلے بیرون ملک فرار ہوگئے تھے تاہم اب پتہ لگا ہے کہ نثار مورائی ملک میں داخل ہوتے ہی قانون کے شکنجے میں آگیا ہے۔