Friday, May 3, 2024

ایک روز میں ریکارڈ 4ہزار 131 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص

ایک روز میں ریکارڈ 4ہزار 131 افراد میں  کورونا وائرس کی تشخیص
June 3, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک بھر میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ  ہو رہا ہے ، ایک روز میں ریکارڈ 4 ہزار 131 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ۔ ملک بھر میں  مریضوں کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا نے  67 جانیں لیں ۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  ملک بھر سے کورونا کے 4 ہزار 131 مریض سامنے آئے ، جبکہ 67 افراد مہلک وائرس کی بھینٹ چڑھ کر  جاں بحق ہوئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 1688 ہو گئی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق  اب تک  سندھ میں مجموعی طور پر 31 ہزار 86 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے ، پنجاب میں  وائرس نے 29 ہزار 489 افراد کو  نشانہ بنایا جبکہ خیبرپختونخوا میں 10 ہزار 897 ، بلوچستان میں چار ہزار 740 اور اسلام آباد میں  3 ہزار 188 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے ۔

گلگت بلتستان میں  779 اور آزاد جموں وکشمیر میں  284 افرادمیں کورونا وائرس  کی تصدیق ہوئی ۔ ملک بھر میں  28 ہزار 923 افراد کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔

پنجاب میں سب سے زیادہ 570افراد، سندھ میں 526 ،خیبرپختونخوا  میں 490 ، بلوچستان میں  49 ، اسلام آباد میں  34 ، گلگت بلتستان میں  12 اور آزادکشمیر میں 7 افراد وائرس کا شکار ہوکر جان گنوا بیٹھے۔

اس وقت 837 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ اب تک 28 ہزار 923 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوئےہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں17  ہزار310 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، مجموعی طور پر 5 لاکھ 95 ہزار 344 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتیں، انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ سیکٹر نو ماسک نو سروس کو یقینی بنائیں۔