Friday, March 29, 2024

ایک جیسی غذا کے اثرات ہر انسان پر یکساں نہیں ہوتے : ماہرین حیاتیات

ایک جیسی غذا کے اثرات ہر انسان پر یکساں نہیں ہوتے : ماہرین حیاتیات
November 30, 2015
لندن (ویب ڈیسک) ماہرین حیاتیات نے کہا ہے کہ ایک جیسی غذا مختلف لوگوں کے خون میں شکر کی مقدار مختلف طریقے سے بڑھا سکتی ہے۔ تازہ مطالعہ کے مطابق ایک بسکٹ کھانے سے شاید ایک شخص کو فوری طور پر توانائی حاصل ہو سکتی ہے لیکن کسی دوسرے شخص پر اس کا بہت کم اثر ہو سکتا ہے جس سے ایک بات صاف ہو جاتی ہے کہ ایک غذا جو آپ کے لیے اچھی ہے شاید دوسرے شخص کیلئے اچھی نہ ہو۔ محققین کے مطابق کھانے کے بعد لوگوں کے خون میں شکر کی سطح مختلف طریقے سے بڑھتی یا گرتی ہے حتیٰ کہ جب وہ ایک ہی طرح کے پھل، روٹی، میٹھی ڈش، پیزا یا دوسری کھانے کی اشیاءکھاتے ہیں تو بھی ان کے خون میں شکر کی مقدار مختلف ظاہر ہوتی ہے جس سے یہ پتا چلتا ہے کہ غذا کا انتخاب ذاتی خصوصیات کے مطابق کیا جانا چاہیے۔ ماہرین کی ٹیم کی قیادت محقق ایرن ایلینور اور کمپیوٹینل حیاتیات سے وابستہ پروفیسر ایرن سیگل نے کی۔ محققین نے 800 شرکاءکو ناشتہ فراہم کیا۔ اگرچہ شرکاءنے ایک جیسے کھانے کھائے مگر ان کے خون میں شکرکی سطح حیرت انگیز طور پر مختلف تھی۔ محققین نے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ کھانے کے بعد خون میں شکر کی مقدار میں اضافے یا کمی کے لیے دیگر عوامل مثلاً لوگوں کی عادات، کھانے پینے کا طرز عمل، آنتوں میں رہنے والے جرثومے، وزن، بلڈ پریشر، نیند، کولیسٹرول کی سطح بھی ذمہ دار ہے۔