Saturday, May 18, 2024

ایک امام کے پیچھے پاناما کیس کا جنازہ پڑھا جائیگا : طاہرالقادری

ایک امام کے پیچھے پاناما کیس کا جنازہ پڑھا جائیگا : طاہرالقادری
November 8, 2016
لندن (92نیوز) سیاسی کزنز میں دوریاں برقرار۔ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ پہلے دن سے پتا تھا اسلام آباد میں دھرنا نہیں ہو گا۔ حکومت اور پی ٹی آئی کے بیک ڈور مذاکرات چلتے رہے۔ ایک امام کے پیچھے دونوں گھر اس کیس کا جنازہ پڑھیں گے۔ یہ میچ فکس ہے۔ نواز شریف کو ڈرائی کلین کر کے نکالا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاناما لیکس سے کچھ نہیں نکلے گا‘ حکمرانوں کو کلین چٹ مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں گھر ایک امام کے پیچھے اس کیس کا جنازہ پڑھیں گے۔ اس کیس کو دفن کرنے پر اتفاق ہو چکا ہے۔ دونومبر کے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کے سوال پر ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے دن سے ہی اندازہ تھا کہ اسلام آباد دھرنا نہیں ہوگا اسی وجہ سے دو نومبر کے تماشے میں شریک نہیں ہوئے۔ عوامی تحریک کے سربراہ نے انگلش اخبار کی خبر پر بنائے گئے کمیشن کے سربراہ پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ غیرجانبداری سے تحقیقات ممکن نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہماری جدوجہد ملک کا نظام بدلنے اور سانحہ ماڈل ٹاون کے شہداءکے لواحقین کو انصاف دلانے کیلئے جاری رہے گی۔ عوامی تحریک شہیدوں کے لہو سے غداری نہیں کرے گی۔ عوامی تحریک کے سربراہ کے اس بیان سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ سیاسی کزنز کے درمیان پیدا ہونے والی دوریاں اب مزید بڑھ گئی ہیں۔