Wednesday, April 24, 2024

ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کیساتھ جھگڑے کے کیس میں شریک ملزم کی ضمانت منظور

ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کیساتھ جھگڑے کے کیس میں شریک ملزم کی ضمانت منظور
October 21, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے معطل ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کے ساتھ خاتون ایم پی اے کے شوہرکے جھگڑے سے متعلق کیس میں شریک ملزم کی ضمانت منظورکرلی۔ دوران سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دئیے کہ باربار یہ عدالت کہہ رہی ہے کہ اس شہرمیں قانون کی حکمرانی نہیں، پولیس یونیفارم کی بڑی عزت ہے۔ اس کو  کم نہ کریںْ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے معطل ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کے ساتھ خاتون رکن صوبائی اسمبلی کے شوہر کے جھگڑے سے متعلق کیس کی سماعت کی اور شریک ملزم بلال عباسی کی پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی ، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پولیس یونیفارم کی بڑی عزت ہے اس کو کم نہ کریں۔ عدالت نے پولیس حکام سے استفسار کیا کہ ریڈزون میں واقعہ ہوا ،اصل ملزم کو آپ نے تھانے سے ہی چھوڑ دیا تھا۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے ، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ابھی آئی جی صاحب نے کس کے خلاف کارروائی شروع کی۔ ایس ایچ او نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم بلال عباسی جھگڑے کے دوران جج کو مارنے والوں میں شامل تھا، عدالت نے جھگڑے والی ویڈیو عدالت کو دکھانے کا کہا تو پولیس حکام نے کہا کہ ویڈیو ابھی ہمارے پاس نہیں ہے تھانے میں پڑی ہوئی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ بار بار یہ کورٹ کہہ رہی ہے کہ اس شہر میں رول آف لا نہیں ہے ، جو طاقتور ملزم تھا اس کو پولیس نے تھانے سے ہی چھوڑ دیا تھا۔