Friday, April 19, 2024

ایڈریا ٹور ٹورنامنٹ، جوکووچ سمیت 4 ٹاپ کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

ایڈریا ٹور ٹورنامنٹ، جوکووچ سمیت 4 ٹاپ کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
June 24, 2020
بلغراد (92 نیوز) ٹینس کے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ سمیت ایڈریا ٹور ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے چار ٹاپ کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت نکل آیا، جس کے بعد تمام کھلاڑی گھروں میں قرنطینہ ہوگئے۔ کورونا کے مہلک وارسے ٹینس کے ٹاپ کھلاڑی بھی چاروں شانے چت ہوگئے، ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر براجمان سربین ٹینس اسٹارنوواک جوکووچ کا کورونا ٹیسٹ مثبت نکل آیا، انہوں نے یہ خبر سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انکی اہلیہ جیلینا کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے تاہم انکے بچے کورونا سے محفوظ ہیں،تمام فیملی  اپنے گھر میں ہی قرنطینہ ہوگئی ہے۔ نوواک جوکووچ سے قبل کوروشیا کے بورنا کورچ اور بلغاریہ کے گریگور دمتریوف اوروکٹرٹروسکی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جس کے بعد تمام کھلاڑیوں نے خود کو اپنے گھروں میں قرنطینہ کرلیا۔ کورونا کا شکار تمام کھلاڑیوں نے سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں دنیائے ٹینس کے نئے ٹورنامنٹ  ایڈریا ٹور2020میں حصہ لیا تھا، جس کے منتظم نوواک جوکووچ  تھے،گریگوردمتریوف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ایڈریا ٹور کا فائنل میچ منسوخ کردیا گیا تھا۔ کورونا کے خطرے کے باوجود تماشائیوں سے بھری اسٹیڈیمز میں میچوں کے انعقاد پر نوواک جوکووچ کو مختلف حلقوں کی جانب سے شدیدتنقید کا نشانہ بنایا گیا،نوواک جوکووچ نے کورونا ایس اوپیز کی شدید خلاف ورزی کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے مہمان کھلاڑیوں کے ہمراہ پارٹی بھی کی تھی۔