Monday, May 6, 2024

ایچ ای سی کا غیرمنظورشدہ ڈگریوں کی تصدیق نہ کرنے کا فیصلہ

ایچ ای سی کا غیرمنظورشدہ ڈگریوں کی تصدیق نہ کرنے کا فیصلہ
October 20, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) ہائر ایجو کیشن کمیشن نے غیر منظور شدہ ڈگریوں کی تصدیق نہ کرنے کا فیصلہ  کر لیا ، چیئرمین ایچ ای سی طارق نے کہا کہ  یونیورسٹیوں کو فنڈز کے اجرا  کی 15برس پرانی پالیسی کا  جا ئزہ لیا جارہا ہے،ایسا نظام بنایا جائیگا کہ کوئی بھی طالب علم معذوری کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین  طارق بنوری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ یونیورسٹیوں کو تحقیق اور ترقی کی مد میں سالانہ دس ارب روپے فراہم کرتے ہیں، 65 فیصد فنڈز انرولمنٹ، 20فیصد پسماندگی اور ضرورت جبکہ 15فیصد کارکردگی کی بنیاد پر دیئے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم   چاہتے ہیں شفافیت اور تحقیقی کام کی بنیاد پر فنڈز فراہم کئے جائیں،  وائس چانسلر کی تعیناتی شفاف طریقے سے ہو تو کئی مسائل حل ہو جائیں گے۔ طارق بنوری کا کہنا تھا کہ کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ جو طالب علم غیر منظور شدہ یونیورسٹیوں کے پروگرام میں داخلہ لیں گے تو ان کی ڈگریوں کی تصدیق نہیں ہوگی۔ ڈگری کی تصدیق نہ ہونے کی صورت میں طالب علم کو یونیورسٹی تین گنا فیس واپس کرے گی۔ چیئرمین  ایچ ای سی نے بتایا کہ بین الاقوامی یونیورسٹیز کے حوالے سے پالیسی میں بنیادی تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ اُنہیں کیمپس بنانے کے لئے دفتر خارجہ سے منظوری لینا ہوگی۔ ڈگریوں کی تصدیق کا عمل آن لائن کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ چربہ سازی کی روک تھام کی پالیسی مزید موثر کی جا رہی ہے، اسمارٹ یونیورسٹی پروگرام کے تحت تمام یونیورسٹیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دے رہے ہیں۔