Tuesday, April 16, 2024

ایچ آئی وی ایڈز کے پھیلاؤ کے اسباب سے متعلق مفصل رپورٹ سندھ اسمبلی میں پیش

ایچ آئی وی ایڈز کے پھیلاؤ کے اسباب سے متعلق مفصل رپورٹ سندھ اسمبلی میں پیش
May 2, 2019
 کراچی (92 نیوز) رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کے پھیلاؤ کے اسباب سے متعلق مفصل رپورٹ وزیر صحت ڈاکٹرعذرا پیچوہو نے سندھ اسمبلی میں پیش کردی۔ سندھ اسمبلی اجلاس کے آغاز میں تاخیر کا سلسلہ برقرار رہا۔ اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نے پابندی وقت کا مطالبہ بھی کیا اور ساتھ شکوہ بھی۔ تعریف بھی کرتے ہیں تھپڑ بھی مارتے ہیں۔ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل نے ایوان کو بتایا کہ رتوڈیرو لاڑکانہ میں ایڈز کے شکار مریضوں کی تعداد 90 ہو چکی ہے۔ ایچ آئی وی پازیٹو کا شکار ڈاکٹر بچوں کو ایک ہی سرنج سے انجکشن لگاتا رہا۔ وزیر صحت نے بتایا کہ حیدرآباد بھی ایچ آئی وی کے لیے ہائی رسک ہے۔ ہر جگہ اسکریننگ نہیں کر سکتے۔ سندھ میں امتحانات کے دوران نقل سے متعلق ارسلان تاج نے  توجہ دلاو نوٹس پر کہا کہ ہر پیپرآوٹ ہورہاہے اور حکومت خاموش ہے۔ وزیر تعلیم سردار شاہ نے دعوی کیا کہ کوئی بھی امتحانی پرچہ قبل ازوقت آوٹ نہیں ہوا میڈیا سے بھی شکوہ کیا اور فنڈز نہ ملنےکا بھی بتایا۔ سندھ اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان کو بتایا گیا کہ تھر کے کوئلے سے بجلی کے ساتھ گیس اور دیگر اشیا کی پیداوار بھی ممکن ہے۔  اسپیکر نے اسمبلی اجلاس جمعہ کی دوپہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا۔