Friday, April 26, 2024

ایپکس اجلاس‘ ڈی جی رینجرز نے سندھ میں کوٹہ سسٹم ختم کرنے کی تجویز دیدی

ایپکس اجلاس‘ ڈی جی رینجرز نے سندھ میں کوٹہ سسٹم ختم کرنے کی تجویز دیدی
August 31, 2016
کراچی (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹارگٹڈ آپریشن، نیشنل ایکشن پلان اور امن وامان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ڈی جی رینجرز نے کوٹہ سسٹم ختم کرنے کی تجویز دےدی۔ میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا ہے کہ صرف آپریشن سے پرامن سندھ کے مقاصد پورے نہیں ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ چیف سیکرٹری نے نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ دی جبکہ آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز نے پروگریس رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، ٹارگٹڈ آپریشن اور امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی رینجرز نے سندھ میں کوٹہ سسٹم ختم کرنے کی تجویز دیدی۔ میجر جنرل بلال اکبر نے بریفنگ میں بتایا کہ نوجوانوں کا احساس محرومی ختم کئے بغیر دہشت گردی اور جرائم کا خاتمہ نہیں کیا جا سکتا۔ صرف آپریشن سے پرامن سندھ کے مقاصد پورے نہیں ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق کوٹہ سسٹم کی میعاد دو ہزار تیرہ میں ختم ہو چکی ہے لیکن ملازمت و تعلیمی اداروں میں سندھ کے دیہی علاقوں کو ساٹھ فیصد جبکہ شہری علاقوں کو چالیس فیصد کوٹہ دیا جارہا ہے۔ اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، ایڈوکیٹ جنرل، صوبائی وزراءنثار کھوڑو، مولا بخش چانڈیو، کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔