Sunday, September 8, 2024

ایپل کے جدید سہولیات سے مزین آئی فونز کی تفصیلات منظرعام پر آ گئیں

ایپل کے جدید سہولیات سے مزین آئی فونز کی تفصیلات منظرعام پر آ گئیں
March 23, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے نئے دو ماڈلز کی چیدہ چیدہ خصوصیات منظرعام پر آ گئی ہیں۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایپل آئی پیڈ پرو اور آئی فون ایس ای جلد متعارف کروانے جا رہی ہے۔ آئی فون ایس ای دیکھنے میں آئی فون فائیو ایس کے مشابہہ ہے۔ اس ٹچ سکرین کے حامل آئی فون میں 12 میگا پکسل کیمرا اور (فور کے) ویڈیو کی سہولت دستیاب ہو گی۔ آئی فون کے اس نئے ماڈل کی قیمت کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔ دوسری طرف کمپنی آئی پیڈ پرو کے دو ماڈلز متعارف کروائے گی۔ پہلے ماڈل میں 32 جی بی میموری دستیاب ہو گی اور اس کی قیمت 599 ڈالرز (تقریباً 62 ہزار 600 روپے)ہو گی۔ یہ ماڈل صرف وائی فائی سے منسلک ہو سکے گا۔ اس کی سکرین 9.7 انچ چوڑی ہو گی۔ دوسرا ماڈل 128 جی بی میموری کا حامل ہو گا اور اس کی قیمت بھی زیادہ ہو گی۔ یہ ماڈل وائی فائی کے ساتھ ساتھ ایل ای ٹی سیلولر نیٹ ورکس سے بھی منسلک کیا جا سکے گا۔ اس میں اے 9ایکس پروسیسر لگایا گیا ہے اور اس کی سکرین 12.9 انچ چوڑی ہو گی۔ برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ نیا آئی فون کا ماڈل آئی فون ایس ای دراصل آئی فون 5 ایس ہی کی ایک نئی شکل ہے جس میں ہارڈویئر کی کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں اور سافٹ ویئر اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ ان تینوں ماڈلز کے متعارف کروائے جانے کی حتمی تاریخ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔