Sunday, September 8, 2024

ایپل کی الیکٹرک کار نے مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی دھوم مچا دی

ایپل کی الیکٹرک کار نے مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی دھوم مچا دی
January 14, 2016
لاس اینجلس (ویب ڈیسک) الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹسلا نے دعویٰ کیا ہے کہ معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل الیکٹرک کار بنا رہی ہے۔ ٹسلا کے مالک ایلون مسک کا کہنا ہے کہ یہ کوئی ڈھکی چھپ بات نہیں ہے کہ ایپل بھی ان کے مقابلے میں الیکٹرک گاڑی بنا رہی ہے۔ یاد رہے کہ دنیا کی بہترین الیکٹرک گاڑیوں کی دوڑ میں اگرچہ ٹسلا کا مقابلہ نسان اور بی ایم ڈبلیوسے ہے تاہم حالیہ عرصے میں اسے خسارے کا سامنا رہا ہے۔ ٹسلا کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب گزشتہ مہینوں میں ان کے کئی انجینئرز کو حریف کمپنیوں نے اپنے ہاں زیادہ معاوضے پر ملازم رکھ لیا اور مشہور زمانہ کمپنی ایپل کا شمار بھی انہی کمپنیوں میں ہوتا ہے جس نے ٹسلا کے تقریباً ایک ہزار ملازمین کو اپنی کمپنی میں جگہ دی ہے۔ واضح رہے کہ ایپل کی جانب سے تاحال الیکٹرک کار بنانے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا مگر کمپنی وقتاً فوقتاً گاڑیوں سے متعلق کئی انٹرنیٹ ڈومین رجسٹر کرواتی رہتی ہے جن میں apple.car اور apple.auto شامل ہیں۔ ایپل ابھی تک اپنے الیکٹرک کار پراجیکٹ کو دنیا سے چھپاتی آ رہی ہے مگر دنیا بھر کی نظریں اس وقت اس ٹوہ میں لگی ہیں کہ کب ایپل اپنی الیکٹرک کار پراجیکٹ کا باقاعدہ اعلان کرتا ہے کیونکہ ایپل کی جانب سے ایسا اعلان یقینا ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بڑا اضافہ ہو گا۔