Friday, March 29, 2024

ایپل نے طویل انتظار کے بعد آئی فون سیون متعارف کرا دیا

ایپل نے طویل انتظار کے بعد آئی فون سیون متعارف کرا دیا
September 8, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں۔ ایپل نے آئی فون سیون متعارف کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق سان فرانسسکو میں ایپل کی نئی مصنوعات کی سالانہ تقریب رونمائی جاری ہے جس میں ٹیکنالوجی کمپنی نے آئی فون سیون متعارف کروا دیا ہے۔ فون میں ہیڈ فون ساکٹ کو ختم کر دیا گیا ہے۔ ایپل کا نیا فون ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب سام سنگ نے بیٹری مسائل پر اپنا نوٹ سیون مارکیٹ سے واپس منگوایا ہے۔ ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے آئی فون سیون میں کیمرے کا معیار بہتر ہے۔ اس کے علاوہ پہلے سے بہتر میموری، ہوم بٹن کی ٹچ سینسر سے تبدیلی اور بہتر سپیکرز کی شمولیت نے نئے ماڈل کو چار چاند لگا دیے ہیں۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئی فون سیون پانی میں محفوظ رہنے کے قابل ہے اور تیس منٹ تک ڈوبے رہنے کے باوجود کام کرتا رہتا ہے۔ ایپل ذرائع کے مطابق آئی فون سیون کے بعد آئی فون سیون پلس اور آئی فون سیون پرو بھی مارکیٹ میں آ سکتے ہیں۔ ایپل نے گزشتہ دنوں ایک پیٹنٹ دائر کی تھی جس سے بظاہر لگتا ہے مستقبل کے آئی فون پانی کے اندر بہتر تصویر لینے کی صلاحیت سے مالامال ہوں گے۔ آئی فون سیون واٹرپروف کی خصوصیت سے آراستہ تو ہے ہی ساتھ ہی اس میں کلر بیلنسنگ سسٹم نصب ہے جس کی بدولت انڈر واٹر تصاویر بہتر طریقے سے اتاری جا سکیں گی۔ اس کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ غیرضروری شبیہوں کو پانی کا رنگ تبدیل کیے بغیر ختم کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ حیران کن اور چونکا دینے والی بات یہ بھی ہے کہ ایپل نے انڈر واٹر فوٹو گرافی ایڈیٹنگ ٹولز کے متعلق حقوق کیلئے 80 کے قریب پیٹنٹ دائر کر رکھے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایپل کی آئندہ تمام ڈیوائسز میں چلنے والی ٹیکنالوجی واٹر پروف ہو گی۔ آئی فون سیون کی ایک خوبی جو اسے دیگر فونز سے ممتاز کرتی ہے وہ یہ ہے کہ سیون سیریز کے تمام فونز آئی او ایس ٹین پر چلیں گے۔ آئی فون سیون کا بیک کیمرہ 12 میگا پکسل جبکہ فرنٹ کیمرہ پانچ میگاپکسل کے سینسرز سے لیس ہے۔ آئی فون سیون کی سکرین چار اعشاریہ سات انچ ہے۔ ریم 2 جی بی ہے۔ آئی فون سیون کی قیمت پانچ سو چالیس یورو رکھی گئی ہے جو پاکستانی تقریباً 73 ہزار روپے بنتی ہے۔