Sunday, September 8, 2024

ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق اطلاعات کا مقصد بھارت کی بڑھتی ہوئی ایٹمی طاقت سے توجہ ہٹانا ہے : دفترخارجہ

ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق اطلاعات کا مقصد بھارت کی بڑھتی ہوئی ایٹمی طاقت سے توجہ ہٹانا ہے : دفترخارجہ
August 29, 2015
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان نے ایٹمی ہتھیاروں میں اضافے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہونے کا خواہش مند نہیں ہے۔ دفتر خارجہ نے امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام جنوبی ایشیا میں امن اوراستحکام کیلئے ہے اور پاکستان عالمی سطح پر ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاو کی پالیسی پر کاربند ہے اور اس کی ایٹمی پروگرام کے حوالے سے پالیسی تحمل اور ذمہ داری پر مبنی ہے۔ اس کے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی اطلاعات کا مقصد بھارت کی بڑھتی ہوئی ایٹمی طاقت سے توجہ ہٹانا ہے۔ ترجمان نے کہا نیوکلیئر سپلائرگروپ کے رکن ممالک کے ساتھ بھارتی ایٹمی معاہدوں سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو گا۔ گزشتہ روز امریکی اخبار کی رپورٹ میں دو امریکی تھنک ٹینکس کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان آئندہ پانچ سے دس سال میں تین سو پچاس ایٹمی ہتھیاروں کے ساتھ امریکہ اور روس کے بعد ایٹمی ذخائر رکھنے والا تیسرا بڑا ملک بن جائے گا۔ پاکستان کے پاس اس وقت ایک سو بیس ایٹمی ہتھیار ہیں جبکہ بھارت کے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد ایک سو ہے۔