Thursday, May 9, 2024

ایٹمی پاکستان کے 21برس مکمل  ہو گئے

ایٹمی پاکستان کے 21برس مکمل  ہو گئے
May 28, 2019
لاہور  (92نیوز رپورٹ) ایٹمی پاکستان کے 21برس مکمل  ہو گئے  ، پاکستان کودنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کے 21برس مکمل ہونے پر آج ملک بھر میں ’’ یوم تکبیر ‘‘ جوش و خروش اور ملی جذبہ کیساتھ منایا جا رہا ہے ۔ ایٹمی پاکستان کے 21برس مکمل  پر ملک بھر میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام خصوصی تقاریب،سیمینارز اور کانفرنسز کا اہتمام کیا جا رہا ہے جن میں مقررین ایٹمی دھماکوں کے تناظر میں محسن ملک و قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ذوالفقار علی بھٹو اور  اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے ۔ ملک کے تمام شہروں میں مسلم لیگی کارکن ایٹمی قوت بننے کے حوالے سے مختلف تقریبات کا اہتمام کرینگے جبکہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائینگی ۔ نواز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کے نام جیل سے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ 28مئی پاکستانی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے ، اس دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیاگیا جب پاکستان ایک ایٹمی قوت کے تعارف کے ساتھ دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا،یوم تکبیر قومی غیرت ، پاکستانی قوم کے بے مثال جرات اور بہادری کی علامت کا دن ہے ۔