Saturday, May 11, 2024

ایٹمی سائنسدان محسن فخری زادہ کو اسرائیل نے قتل کیا تھا ، غیرملکی جریدے نے بھانڈا پھوڑ دیا

ایٹمی سائنسدان محسن فخری زادہ کو اسرائیل نے قتل کیا تھا ، غیرملکی جریدے نے بھانڈا پھوڑ دیا
February 11, 2021

یروشلم (92 نیوز) غیر ملکی جریدے نے تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایرانی سائنسدان محسن فخری زادے کے قتل میں اسرائیل ملوث تھا۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق فخری زادے کے قتل میں ایک ٹن وزنی آلہ استعمال ہوا جسے اسرائیلی انٹیلی جنس نے چھوٹےچھوٹےحصوں میں ایران اسمگل کیا تھا۔

دی جیوئش کرانیکل کی تہلکہ خیز رپورٹ کے مطابق ایرانی شہریوں سمیت 20 اسرائیلی ایجنٹس نے فخری زادے پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ جوہری سائنسدان کے قتل سے پہلے 8 ماہ ان کی جاسوسی بھی کی گئی۔

محسن فخری زادہ نومبر2020 میں قتل ہوئے جس کا الزام ایران نے اسرائیل پرعائد کیا تھا۔ اسرائیل نے جیوئش کرانیکل کی رپورٹ پر تبصرے سے انکار کر دیا۔

ادھر بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کا کہنا ہے کہ  ایران ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی میں مزید آگے نکل گیا ہے۔ اس نے یورینیم میٹل بنانا شروع کر دیا ہے۔ اصفہان کے جوہری پلانٹ میں 3.6 گرام یورینیم میٹل کی تصدیق ہوئی ہے۔

آئی اے ای اے کے مطابق رکن ممالک کو ایران کی خلاف ورزی سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ جوہری معاہدے کے تحت ایران کو 10 سال تک یورینیم میٹل بنانے کی اجازت نہیں تھی۔